راجن پور (کیو این این ورلڈ) پنجاب پولیس نے سالِ نو کے آغاز پر کچے کے ڈاکوؤں کے خلاف جاری آپریشن میں ایک بڑی کامیابی حاصل کر لی ہے، جہاں انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی کے دوران خطرناک ‘لونڈ گینگ’ کا سرغنہ شاہ دین لونڈ مارا گیا۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق راجن پور پولیس کی بھاری نفری نے خفیہ اطلاع پر ڈاکوؤں کے ٹھکانوں پر چھاپہ مارا، جس کے نتیجے میں ہونے والے شدید فائرنگ کے تبادلے میں گینگ کا سرغنہ شاہ دین ہلاک ہو گیا۔ ہلاک ہونے والا ڈاکو قتل، اقدامِ قتل، اغوا برائے تاوان اور ڈکیتی کے درجنوں سنگین مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھا اور علاقے میں خوف و دہشت کی علامت سمجھا جاتا تھا۔

ڈی پی او راجن پور نے کارروائی کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ پولیس کی بھاری نفری جب لونڈ گینگ کے ٹھکانوں میں داخل ہوئی تو ڈاکوؤں نے مزاحمت کرتے ہوئے فائرنگ شروع کر دی، جس پر پولیس کی جانب سے بھرپور جوابی کارروائی کی گئی۔ اس مقابلے کے دوران گینگ کا سرغنہ تو ہلاک ہو گیا جبکہ مزید 3 ڈاکو زخمی ہوئے، تاہم وہ اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ اندھیرے اور دشوار گزار راستوں کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ ڈی پی او کا مزید کہنا تھا کہ فرار ہونے والے زخمی ڈاکوؤں کا تعاقب کیا جا رہا ہے اور کچے کے علاقے میں ڈاکوؤں کے مکمل خاتمے تک یہ آپریشن بلا تعطل جاری رہے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے