کوئٹہ(ویب ڈیسک)وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ بلوچستان میں بلدیاتی انتخابات مؤخر کرنے کا مطالبہ تمام سیاسی جماعتوں کی جانب سے کیا گیا ہے اور اس فیصلے کا مقصد امن و امان اور عوامی تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔

صوبائی دارالحکومت میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان شدید خشک سالی اور موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے متاثر ہے، کیا بارش برسانا میرے اختیار میں ہے؟ موسمیاتی تبدیلی کے اثرات بلوچستان میں زیادہ نمایاں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ محدود وسائل کے باوجود صوبے میں کلائمٹ فنڈ قائم کیا گیا ہے، جبکہ اسلام آباد میں موسمیاتی تبدیلی سے متعلق پروگرامز بھی منعقد کیے جا رہے ہیں۔

وزیراعلیٰ نے امن و امان کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں دہشت گردی کے واقعات میں نمایاں کمی آئی ہے، ریاست کا فرض ہے کہ حکومت کی رٹ قائم رکھے، اور گزشتہ ایک سال کے دوران 700 دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا ہے۔

میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ ماضی میں کوئٹہ میں بلدیاتی انتخابات عدالت کے حکم پر روکے گئے تھے، جبکہ موجودہ صورتحال میں تمام سیاسی جماعتوں نے گورنر کو باضابطہ طور پر بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کی درخواست دی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کوئی حکومت یہ نہیں چاہتی کہ معصوم لوگ مارے جائیں، حکومت کی اولین ذمہ داری عوام کا تحفظ ہے۔ آخر میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ سلطان گولڈن ہمارے بزرگ ہیں جنہوں نے ایک بار پھر عالمی سطح پر ملک کا نام روشن کیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے