حاصل پور (کیو این این ورلڈ) گورنمنٹ بوائز گریجوایٹ کالج حاصل پور میں "منشیات سے انکار- صحت مند مستقبل کی ضمانت” کے عنوان سے ایک پروقار آگاہی تقریب منعقد ہوئی، جس کی صدارت پرنسپل پروفیسر طاہر محمود غوری نے کی۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی ڈائریکٹر پنجاب کاؤنٹر نارکوٹکس فورس بہاولپور ڈویژن، لیفٹیننٹ کرنل (ریٹائرڈ) احمر نثار ستی (تمغہ امتیاز ملٹری) تھے۔ انہوں نے اساتذہ اور طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے خبردار کیا کہ منشیات نہ صرف خاندانوں اور معاشرے کو تباہ کرتی ہے، بلکہ ملک کی حقیقی خوشحالی کی راہ میں بھی سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نشہ انسانی ذہنی صلاحیتوں کو مفلوج کر دیتا ہے، اس لیے نوجوان نسل کو ہر قسم کے نشے سے دور رہ کر اعلیٰ تعلیم، تربیت اور جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے کامیابی کی راہیں تلاش کرنی چاہئیں۔

لیفٹیننٹ کرنل (ر) احمر نثار ستی نے پروجیکٹر کی مدد سے منشیات کی مختلف اقسام، ان کی ہولناک ساخت اور انسانی جسم پر مرتب ہونے والے نقصانات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے واضح کیا کہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر کاؤنٹر نارکوٹکس فورس پورے صوبے بالخصوص بہاولپور ڈویژن میں منشیات کی روک تھام کے لیے مثالی اقدامات کر رہی ہے اور اس موذی مرض کے خاتمے کے لیے سی این فورس پوری ایمانداری سے برسرِ پیکار ہے۔ تقریب کے دوران طلبہ نے منشیات کے تدارک کے حوالے سے اہم سوالات کیے، جن کے تسلی بخش جوابات دیے گئے۔ ہال میں موجود اسٹیج سیکرٹری نے "منشیات کے خلاف جنگ- پنجاب کاؤنٹر نارکوٹکس فورس کے سنگ” اور "ڈرگ فری بہاولپور” کے فلک شگاف نعرے بھی لگوائے۔

تقریب کے اختتام پر پرنسپل پروفیسر طاہر محمود غوری نے معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ تعلیمی ادارے طلبہ کو اس لعنت سے تحفظ فراہم کرنے کے لیے اپنا کلیدی کردار ادا کرتے رہیں گے۔ تقریب کا باقاعدہ اختتام قومی ترانے پر ہوا، جبکہ اس موقع پر انسپکٹر افتخار احمد کی زیر نگرانی ٹیم، کالج کے سینئر اساتذہ کرام اور طلبہ کی کثیر تعداد موجود تھی۔ انسپکٹر افتخار احمد کا کہنا تھا کہ اس مہم کا بنیادی مقصد تعلیمی اداروں کو منشیات سے پاک کر کے ایک صحت مند نسل کی آبیاری کرنا ہے تاکہ ملک کا مستقبل محفوظ ہو سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے