لنڈی کوتل(نامہ نگار) رابطہ العالم الاسلامی کے تعاون سے سینکڑوں یتیم بچوں میں 5 کروڑ 85 لاکھ روپے سے زائد کی مالی امداد تقسیم

تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کی عالمی تنظیم رابطہ العالم الاسلامی (Muslim World League) کے تعاون سے خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے یتیم بچوں اور بیوہ خاندانوں میں خطیر مالی امداد تقسیم کرنے کے لیے پشاور کے رِنگ روڈ پر واقع دی بیسٹ اسکول میں ایک باوقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس فلاحی مہم کے تحت ضلع خیبر، بڈھ بیر، ریگی، للمہ، فقیر آباد، چارسدہ، صوابی، اکوڑہ خٹک اور مردان کے مستحق خاندانوں کی معاونت کی گئی۔ تقریب کا اہتمام تنظیم کے ڈائریکٹر محترم عبداللطیف اور جمرود کے معروف سماجی کارکن حاجی جمال آفریدی نے سوشل ورکرز کی ایک متحرک ٹیم کے ہمراہ کیا، جس میں نعیم اللہ، عابد علی، سمیع اللہ، سردار، غنی، عمر آفریدی اور ابوبکر شامل تھے۔

تقریب کے دوران مجموعی طور پر 243 یتیم خاندانوں سے تعلق رکھنے والے 523 بچوں میں 5 کروڑ 85 لاکھ 53 ہزار 821 روپے کی نقد رقم تقسیم کی گئی۔ مالی امداد کی فراہمی یتیم بچوں کی ضروریات اور حالات کے مطابق کی گئی، جس میں بعض بچوں کو 3 لاکھ 66 ہزار روپے اور بعض کو 2 لاکھ 44 ہزار روپے فی کس فراہم کیے گئے، جبکہ دیگر مستحقین کو بھی اسی تناسب سے رقوم دی گئیں۔ اس موقع پر دی بیسٹ اسکول کے پرنسپل محترم حبیب الرحمن کا خصوصی شکریہ ادا کیا گیا جنہوں نے اس نیک مقصد کے لیے تعلیمی ادارے کی خدمات پیش کیں۔

رابطہ العالم الاسلامی کے ڈائریکٹر عبداللطیف کو جمرود کے مزید 92 یتیم بچوں کا ڈیٹا بھی باقاعدہ طور پر فراہم کیا گیا ہے، جن کی رجسٹریشن کا عمل جلد مکمل کیا جائے گا تاکہ انہیں بھی امدادی پروگرام کے اگلے مرحلے میں شامل کیا جا سکے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے منتظمین کا کہنا تھا کہ یتیم بچوں کی کفالت اور ان کی بنیادی ضروریات پوری کرنا ایک عظیم دینی اور سماجی فریضہ ہے، اور تنظیم پاکستان بھر میں مستحق خاندانوں کی معاونت کا یہ سلسلہ بلاامتیاز جاری رکھے گی تاکہ معاشرے کے محروم طبقات کو باعزت زندگی گزارنے کے مواقع میسر آسکیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے