لکی مروت (کیو این این ورلڈ) لکی مروت کے قبائلی سب ڈویژن بیٹنی میں پولیس کی گاڑی کو بم دھماکے کا نشانہ بنایا گیا ہے، جس کے نتیجے میں ایس ایچ او سمیت 7 پولیس اہلکار جامِ شہادت نوش کر گئے ہیں۔ پولیس ترجمان کے مطابق دھماکا خیز مواد سڑک کے کنارے نصب تھا جو پولیس موبائل کے قریب پہنچنے پر زوردار دھماکے سے پھٹ گیا۔

ترجمان لکی مروت پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر دھماکے میں 6 اہلکار موقع پر ہی شہید ہو گئے تھے جبکہ ایک اہلکار شدید زخمی تھا۔ زخمی اہلکار کو فوری طور پر انصاف الدین ہسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے وہاں دم توڑ گیا، جس سے شہداء کی مجموعی تعداد 7 ہو گئی ہے۔

پولیس حکام کے مطابق شہداء میں تھانہ شادی خیل کے ایس ایچ او صدر اعظم بھی شامل ہیں۔ واقعہ کے فوراً بعد پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر روانہ کر دی گئی ہے اور پورے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے تاکہ ملوث عناصر کا سراغ لگایا جا سکے۔

دھماکے کے نتیجے میں پولیس موبائل مکمل طور پر تباہ ہو گئی ہے۔ پولیس اور سیکیورٹی اداروں نے شواہد اکٹھے کر لیے ہیں اور واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ ضلع بھر میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹا جا سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے