پشاور (کیو این این ورلڈ) خیبرپختونخوا اسمبلی نے پاکستان کی امریکا اور اسرائیل کے بنائے گئے بورڈ آف پیس میں شمولیت کے خلاف قرارداد منظور کرلی۔
صوبائی وزیر قانون آفتاب عالم آفریدی نے یہ قرارداد پیش کی۔ قرارداد میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ بورڈ آف پیس کی تشکیل اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل کی منظور شدہ قرارداد کے منافی ہے اور پاکستان اس میں شمولیت مسترد کرتا ہے۔
قرارداد میں یہ بھی کہا گیا کہ بورڈ آف پیس میں غزہ کی قیادت کو نظر انداز کیا گیا ہے، فلسطینی ریاست کے قیام کو پس پشت ڈال کر اسرائیل کے عزائم کو تقویت دینے کی سازش کی گئی ہے، اور پاکستان کا اصولی موقف ہے کہ اسرائیل کو تسلیم نہیں کیا جائے گا۔
اسی کے ساتھ وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ فلسطین اور غزہ کی خودمختاری کی حمایت جاری رکھے اور اسرائیلی مظالم کے خلاف دو ٹوک اور اصولی موقف اختیار کرے۔
خیال رہے کہ چند روز قبل امریکی صدر ٹرمپ نے غزہ بورڈ آف پیس کا باقاعدہ اعلان کیا تھا اور وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے اس پر دستخط کیے تھے۔