قصور (کیو این این ورلڈ/بیوروچیف طارق نوید سندھو) الہ آباد کے نواحی علاقے دیو کھارہ کے قریب تیز رفتاری اور غفلت نے ایک اور معصوم زندگی نگل لی، جہاں سڑک عبور کرتی 7 سالہ بچی دعا طارق گاڑی کی ٹکر سے موقع پر ہی جاں بحق ہوگئی۔ ریسکیو حکام کے مطابق بچی پیدل سڑک عبور کر رہی تھی کہ اچانک ایک بے قابو تیز رفتار گاڑی اسے کچلتی ہوئی گزر گئی، جس کے نتیجے میں وہ شدید چوٹوں کے باعث دم توڑ گئی۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیم نے موقع پر پہنچ کر لاش کو ہسپتال منتقل کیا، جبکہ معصوم بچی کی ناگہانی موت کی خبر سنتے ہی گھر میں کہرام مچ گیا اور والدین غم سے نڈھال ہو گئے۔
پولیس تھانہ الہ آباد نے فوری کارروائی کرتے ہوئے حادثے میں ملوث گاڑی کو قبضے میں لے کر ڈرائیور کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ گاڑی کی رفتار بہت زیادہ تھی جس کے باعث ڈرائیور بچی کو سامنے دیکھ کر گاڑی پر قابو نہ پا سکا۔ پولیس نے واقعے کی تفتیش شروع کر دی ہے تاکہ قانونی تقاضے پورے کیے جا سکیں۔ مقامی شہریوں نے حادثے پر شدید احتجاج کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ آبادی والے علاقوں میں تیز رفتاری کو روکنے کے لیے اسپیڈ بریکرز یا دیگر حفاظتی انتظامات کیے جائیں تاکہ مستقبل میں ایسے المناک واقعات کا سدباب ہو سکے۔