قصور (کیو این این ورلڈ/بیوروچیف طارق نوید سندھو): الہ آباد چونیاں روڈ پر ایک ہولناک حادثے کے نتیجے میں گاڑی میں ایل پی جی گیس بھرتے وقت اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری گاڑی کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ آگ اس قدر شدید تھی کہ چند ہی لمحوں میں لاکھوں روپے مالیت کی گاڑی جل کر لوہے کا ڈھیر بن گئی، جبکہ اس افسوسناک واقعے میں تین افراد بری طرح جھلس کر زخمی ہو گئے۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق زخمیوں میں گاڑی کا ڈرائیور غلام رسول، گیس کی دکان کا مالک رانا عثمان اور وہاں کام کرنے والا مزدور ارسلان شامل ہیں۔ زخمیوں کی حالت تشویشناک ہونے کے باعث انہیں ابتدائی طبی امداد کے بعد فوری طور پر لاہور کے جناح اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں ڈاکٹرز ان کی جان بچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں اور الہ آباد پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی جنہوں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پایا اور اسے قریبی دکانوں تک پھیلنے سے روک کر مزید کسی بڑے نقصان سے بچا لیا۔ پولیس نے حادثے کی جگہ کو گھیرے میں لے کر ابتدائی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے تاکہ آگ لگنے کی اصل وجوہات اور حفاظتی اقدامات میں کوتاہی کا تعین کیا جا سکے۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ گیس بھرنے کے دوران غیر محفوظ طریقے استعمال کیے جا رہے تھے جو اس حادثے کا سبب بنے۔ اس واقعے کے بعد پولیس نے الہ آباد چونیاں روڈ پر غیر قانونی گیس ری فلنگ کرنے والے عناصر کے خلاف بھی کارروائی کا اشارہ دیا ہے تاکہ مستقبل میں ایسے جان لیوا واقعات کا سدباب کیا جا سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے