قصور (کیو این این ورلڈ/بیوروچیف طارق نوید سندھو) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف، چیف سیکرٹری پنجاب اور کمشنر لاہور ڈویژن کی خصوصی ہدایات پر ڈپٹی کمشنر محمد آصف رضا نے صبح سویرے بابا بلھے شاہ ڈسٹرکٹ ہسپتال قصور کا اچانک دورہ کیا۔ دورے کے دوران انہوں نے ہسپتال میں صفائی کے انتظامات، مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات، میڈیکل اسٹاف کی حاضری اور مفت ادویات کی دستیابی کا تفصیلی جائزہ لیا۔ ڈپٹی کمشنر نے ایمرجنسی، او پی ڈی اور مختلف وارڈز کا معائنہ کرتے ہوئے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایات جاری کیں کہ مریضوں اور ان کے لواحقین کے لیے انتظار گاہوں میں صاف ستھرا اور آرام دہ ماحول ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے تاکید کی کہ ڈاکٹروں کی بروقت حاضری اور مریضوں کو مفت ادویات کی بلا تعطل فراہمی کو روزانہ کی بنیاد پر مانیٹر کیا جائے۔
ڈپٹی کمشنر محمد آصف رضا نے ایمرجنسی وارڈ میں عملے کی مکمل دستیابی اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طبی امداد کی فراہمی کو یقینی بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ صحت کا شعبہ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس میں بہتری لانے کے لیے ایسے اچانک دورے مستقبل میں بھی جاری رہیں گے۔ انہوں نے ہسپتال کے عملے کو سخت لہجے میں تنبیہ کی کہ انسانی جانوں کے تحفظ اور طبی فرائض کی ادائیگی میں کسی بھی قسم کی لاپرواہی یا غفلت کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ ڈی سی قصور نے واضح کیا کہ اگر کسی بھی سطح پر کوتاہی پائی گئی تو ذمہ داروں کے خلاف سخت ترین قانونی و تادیبی کارروائی سے گریز نہیں کیا جائے گا، کیونکہ عوام کو صحت کی بہترین سہولیات فراہم کرنا انتظامیہ کی بنیادی ذمہ داری ہے۔