قصور ( کیو این این ورلڈ/بیوروچیف طارق نوید سندھو) کمشنر لاہور ڈویژن مریم خان نے ڈپٹی کمشنر قصور محمد آصف رضا کے ہمراہ ضلع قصور کا تفصیلی دورہ کیا، جہاں انہوں نے ‘ستھرا پنجاب’ مہم اور دیہی مراکز صحت میں طبی سہولیات کی فراہمی کا جائزہ لیا۔ دورے کے دوران کمشنر لاہور نے رسول پورہ، مصطفیٰ آباد اور مان گاؤں گنڈا سنگھ میں صفائی ستھرائی کے انتظامات کا معائنہ کیا۔ انہوں نے مریم نواز رورل ہیلتھ سینٹر (آر ایچ سی) گنڈا سنگھ کا بھی دورہ کیا، جہاں انہوں نے طبی نگہداشت کے پروٹوکولز، ادویات کی دستیابی، ڈیوٹی روسٹر کے مطابق عملے کی حاضری اور واش رومز سمیت مجموعی صفائی کا باریک بینی سے مشاہدہ کیا۔ کمشنر نے ہسپتال میں موجود مریضوں سے مفت ادویات کی فراہمی کے بارے میں دریافت کیا، جس پر مریضوں نے اطمینان کا اظہار کیا، جبکہ متعلقہ انچارج ڈاکٹر نے طبی سہولیات سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔
کمشنر لاہور مریم خان نے افسران کو سخت ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ دیہی علاقوں میں نالیوں کی ڈی سلٹنگ شیڈول کے مطابق باقاعدگی سے کی جائے اور گاؤں کے کناروں پر کوڑے کے ڈھیر ہرگز نہ لگنے دیے جائیں، تمام پوائنٹس کو ون ٹائم کلیر کروایا جائے۔ انہوں نے تاکید کی کہ ہسپتالوں کی ڈیپ کلیننگ کے بعد صفائی کی صورتحال کو برقرار رکھا جائے اور روزانہ کی بنیاد پر روٹین صفائی ہسپتال کے اوقات شروع ہونے سے پہلے مکمل ہونی چاہیے۔ مریم خان نے مزید کہا کہ صفائی آپریشنز کے حوالے سے عوامی فیڈ بیک کو اہمیت دی جائے تاکہ شہریوں کو براہِ راست ریلیف مل سکے۔ اس موقع پر سی ای او ہیلتھ قصور اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران بھی ان کے ہمراہ موجود تھے، جنہیں کمشنر نے کام کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کرنے کی ہدایت کی۔