کشمور (کیو این این ورلڈ/وقاراعوان کی رپورٹ)کشمور میں پولیس، سندھ رینجرز، سول انٹیلیجنس اور دیگر حساس اداروں کی مشترکہ کارروائیوں کے نتیجے میں ضلع کے مختلف علاقوں، بشمول درانی مہر، میں خطرناک ڈاکوؤں کے خلاف مؤثر انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز جاری ہیں۔
ایس ایس پی کشمور محمد مراد گھانگھرو کے مطابق مسلسل آپریشنل دباؤ کے باعث بارہ انتہائی خطرناک اور مطلوب ڈاکوؤں نے خود کو قانون کے سامنے سرنڈر کر دیا۔ سرنڈر ہونے والے ملزمان اغواء برائے تاوان، بھتہ خوری، اقدامِ قتل، پولیس اہلکاروں پر حملوں، قتل اور دیگر سنگین جرائم میں ملوث رہے ہیں۔ ان میں آصف بھیو، غوث بخش، یعقوب، وسیم، یار محمد، ارشاد، عاشق عرف معشوق، امتیاز علی، محمد علی، ظفر علی، منظور اور عبدالسلام شامل ہیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ یہ کامیابی قانون نافذ کرنے والے اداروں کے باہمی تعاون اور مسلسل کارروائیوں کا نتیجہ ہے، جس سے علاقے میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہونے کی توقع ہے۔ کندھ کوٹ پولیس نے واضح کیا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ، جرائم کے مکمل خاتمے اور دیرپا امن کے قیام کے لیے بلا امتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔