لاہور (ویب ڈیسک) وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری سے آزاد کشمیر سے آئے صحافیوں کے وفد نے ملاقات کی۔ اس موقع پر سیکرٹری اطلاعات پنجاب سید طاہر رضا ہمدانی اور ڈی جی پی آر شیخ فرید احمد بھی موجود تھے۔ ملاقات میں وفد کو وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے فلاحی اور ترقیاتی اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ کشمیر اور پاکستان ایک جان ہیں اور دنیا کی کوئی طاقت انہیں جدا نہیں کر سکتی۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور ظلم کے خاتمے کا وقت قریب ہے۔
وزیر اطلاعات نے یقین دلایا کہ پنجاب حکومت کشمیری صحافیوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرے گی۔ انہوں نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی رہنمائی میں پنجاب عالمی سطح پر نمایاں مقام حاصل کر رہا ہے۔
سیاسی گفتگو میں عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ سیاست میں گالی گلوچ کے بجائے کارکردگی کی بنیاد پر مقابلہ ہونا چاہیے، کیونکہ سچ اور عوامی خدمت ہی کامیابی کا راستہ ہے۔ انہوں نے نوجوانوں کو ملک کا قیمتی سرمایہ قرار دیتے ہوئے بتایا کہ آسان کاروبار پروگرام کے تحت 80 ارب روپے سے زائد کے قرضے دیے جا چکے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ستھرا پنجاب منصوبے کے تحت 15 لاکھ سے زائد روزگار کے مواقع پیدا ہوئے جبکہ اپنی چھت، اپنا گھر اسکیم سے ایک لاکھ 20 ہزار خاندان مستفید ہو چکے ہیں۔ ملاقات کے اختتام پر وفد نے پنجاب حکومت کے اقدامات کو سراہا اور وزیر اطلاعات کا شکریہ ادا کیا۔