خیبرپختونخوا کے ضلع کرک میں سیکیورٹی فورسز اور پولیس نے ایک کامیاب کارروائی کے دوران پولیس موبائل پر حملہ کرنے والے 8 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔ پولیس حکام کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشت گردوں میں انتہائی مطلوب کمانڈر عارف عرف ڈان بھی شامل ہے، جو متعدد دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث تھا۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز دہشت گردوں کے بزدلانہ حملے میں 5 پولیس اہلکار جامِ شہادت نوش کر گئے تھے، جس کے بعد علاقے میں بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن شروع کیا گیا تھا۔ فائرنگ کے شدید تبادلے کے بعد پولیس نے حملہ آوروں کو کیفرِ کردار تک پہنچا کر ان کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کر لیا ہے۔

یہ خبر بھی پڑھیں
کرک: پولیس موبائل پر نامعلوم افراد کی فائرنگ، 5 اہلکار شہید

ادھر دہشت گردوں کے حملے میں شہید ہونے والے پانچوں پولیس اہلکاروں کی نمازِ جنازہ مکمل سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کر دی گئی۔ نمازِ جنازہ میں وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی، چیف سیکرٹری اور آئی جی کے پی ذوالفقار حمید سمیت اعلیٰ سول و فوجی حکام اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی گئی اور پولیس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔ وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی نے شہداء کے خاندانوں سے گہری ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پولیس جوانوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور صوبے سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک جنگ جاری رہے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے