کراچی: (کیو این این ورلڈ)کراچی کے مختلف علاقوں میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران تشدد، پولیس مقابلے، فائرنگ اور ٹریفک حادثات کے سنگین واقعات پیش آئے ہیں جن میں ایک خاتون سمیت دو افراد جاں بحق اور بچے سمیت تین افراد زخمی ہو گئے۔ نیو کراچی صنعتی ایریا کے علاقے سیکٹر الیون جی عیدگاہ گراؤنڈ کے قریب ایک کچرا کنڈی سے 25 سالہ نامعلوم لڑکی کی تشدد زدہ لاش برآمد ہوئی ہے جسے چادر میں لپیٹ کر وہاں پھینکا گیا تھا۔ ایس ایچ او افتخار آرائیں کے مطابق مقتولہ کو کسی دوسرے مقام پر بغدے یا تیز دھار آلے سے سر اور چہرے پر وار کر کے انتہائی سفاکی سے قتل کیا گیا، پولیس نے کرائم سین یونٹ کی مدد سے شواہد اکٹھے کر لیے ہیں اور ملزمان کی تلاش کے لیے سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ بائیو میٹرک سسٹم سے مقتولہ کی شناخت کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔ اسی طرح کورنگی روڈ اختر کالونی سگنل پر ایک تیز رفتار ٹریلر نے 60 سالہ راہگیر نذر محمد کو کچل دیا جو موقع پر ہی دم توڑ گیا؛ پولیس نے حادثے کا ذمہ دار ٹریلر قبضے میں لے لیا ہے تاہم ڈرائیور فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا جس کی تلاش جاری ہے۔

شہر میں فائرنگ اور پولیس مقابلے کے واقعات میں بھی اضافہ دیکھا گیا ہے، سرجانی ٹاؤن پولیس نے کنیز فاطمہ سوسائٹی کے قریب مبینہ مقابلے کے بعد ایک ڈاکو محمد ناصر کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا جس کے قبضے سے پستول، موٹر سائیکل، نقدی اور موبائل فون برآمد ہوا ہے۔ دوسری جانب ملیر سعود آباد میں ٹنکی گراؤنڈ کے قریب اتفاقیہ گولی چلنے سے ضعیف العمر سیکیورٹی گارڈ رؤف زخمی ہوا، جبکہ اورنگی ٹاؤن سیکٹر 15 میں کوئٹہ ہوٹل کے قریب پر اسرار فائرنگ کی زد میں آکر 13 سالہ بچہ احسان اللہ زخمی ہو گیا، تمام زخمیوں کو فوری طور پر عباسی شہید اور دیگر قریبی ہسپتالوں میں طبی امداد کے لیے منتقل کر دیا گیا ہے۔ پولیس حکام نے ان تمام واقعات کی الگ الگ تحقیقات شروع کر دی ہیں تاکہ شہر میں بڑھتے ہوئے جرائم اور حادثات کی روک تھام کو یقینی بنایا جا سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے