کراچی( ویب ڈیسک)کراچی کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے متعدد واقعات اور پولیس مقابلوں کے دوران شہریوں اور مشتبہ ملزمان سمیت مجموعی طور پر کئی افراد زخمی اور جاں بحق ہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق کورنگی کوسٹ گارڈ چورنگی کے قریب شادی ہال کے باہر اندھی گولی لگنے سے 30 سالہ عامر ولد عمر زخمی ہوا اور جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔ اسی طرح سولجر بازار نمبر 1 میں نامعلوم سمت سے آنے والی گولی سے 25 سالہ ظفیر اللہ زخمی ہوئے اور اسپتال لے جایا گیا۔ گلستان جوہر میں ایک اندھی گولی لگنے والا نوجوان 22 سالہ حضور بخش دورانِ علاج دم توڑ گیا، جبکہ پیرآباد نصرت نگر میں جھگڑے کے دوران فائرنگ سے زخمی 28 سالہ پیٹر یعقوب بھی جان کی بازی ہار گئے۔ مقتول پیٹر یعقوب عباسی یونیورسٹی اسپتال میں سینئر پیرامیڈیکل اسٹاف کے طور پر کام کر رہے تھے اور دو بچوں کے باپ تھے۔

علاوہ ازیں، شہر کے مختلف علاقوں میں پولیس مقابلوں کے دوران 2 ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار ہوئے جبکہ ایک فرار ہونے میں کامیاب رہا۔ گلبرگ میں اپواء گرلز کالج کے قریب مشکوک موٹر سائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ کے جواب میں پولیس نے جوابی کارروائی کی، جس کے نتیجے میں 2 ملزمان زخمی حالت میں گرفتار ہوئے۔ گرفتار ملزمان کے قبضے سے پستول، لوڈ میگزین اور موٹر سائیکل برآمد ہوئی۔ ملیر میں عوام نے ایک مبینہ ڈاکو خلیل ولد احمد دیں کو زخمی حالت میں پکڑ کر پولیس کے حوالے کیا، جس کے قبضے سے پستول برآمد ہوا اور زخمی ملزم کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔

کراچی پولیس نے تمام واقعات کی الگ الگ تحقیقات شروع کر دی ہیں اور زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے، جبکہ دیگر قانونی کارروائیاں جاری ہیں۔ شہر میں بڑھتے فائرنگ کے واقعات اور پولیس مقابلوں نے عوام میں خوف و ہراس پیدا کر دیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے