کراچی (کیو این این ورلڈ) کراچی کے علاقے لانڈھی میں واقع ایکسپورٹ پروسیسنگ زون (EPZ) میں پلاسٹک، پرانے کپڑے اور جوتوں کی فیکٹریوں میں لگنے والی ہولناک آگ پر 11 گھنٹے کی طویل جدوجہد کے بعد قابو پا لیا گیا ہے۔ فائر بریگیڈ حکام کے مطابق اس وقت متاثرہ جگہ پر کولنگ کا عمل جاری ہے تاکہ تپش کو مکمل طور پر ختم کیا جا سکے۔
چیف فائر آفیسر کے مطابق آگ جمعہ کی رات پونے 9 بجے کے قریب لگی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے تیسرے درجے کی شدت اختیار کر لی۔ آگ ایک فیکٹری سے شروع ہو کر دوسری فیکٹری تک پھیل گئی، تاہم فائر فائٹرز کی بروقت کارروائی سے تیسری فیکٹری کو لپیٹ میں آنے سے بچا لیا گیا۔
آگ بجھانے کے اس بڑے آپریشن میں کے ایم سی، پاک بحریہ اور ریسکیو 1122 کے 20 سے زائد فائر ٹینڈرز اور 3 اسنارکلز نے حصہ لیا۔ فیکٹریوں میں پلاسٹک اور کپڑے جیسے آتش گیر مادے کی موجودگی کے باعث آگ پر قابو پانے میں فائر فائٹرز کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
کمشنر کراچی نے جائے وقوعہ کا دورہ کیا اور تصدیق کی کہ اس افسوسناک واقعے میں خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ آگ لگنے کی وجوہات اور اس کے نتیجے میں ہونے والے مالی نقصان کا تخمینہ کولنگ کا عمل مکمل ہونے کے بعد لگایا جائے گا۔