کندھ کوٹ (کیو این این ورلڈ/وقاراحمد اعوان) میونسپل کمیٹی کندھ کوٹ کے ریٹائرڈ ملازمین نے اپنی واجب الادا تنخواہوں، ڈیفرنس اور نئی مقررہ تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے خلاف پریس کلب کے سامنے شدید احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے اور میونسپل انتظامیہ کے رویے کے خلاف سخت نعرے بازی کی۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ریٹائرڈ ملازمین یعقوب شیخ، مسماۃ سرداران شیخ، مائی منیران شیخ، مائی شانی، نبی بخش شیخ، ماروی شیخ اور غلام شیخ نے کہا کہ انہیں ریٹائر ہوئے طویل عرصہ بیت چکا ہے، مگر تاحال انہیں نہ تو بقایاجات ملے ہیں اور نہ ہی نئی تنخواہیں جاری کی گئی ہیں۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ وہ مسلسل میونسپل کمیٹی کے دفاتر کے چکر کاٹ رہے ہیں لیکن وہاں کا عملہ اور کلرک ٹال مٹول سے کام لے رہے ہیں اور کوئی بھی ان کی فریاد سننے کو تیار نہیں۔

مظاہرین کا مزید کہنا تھا کہ تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے باعث ان کے گھروں میں فاقوں کی نوبت آ چکی ہے، بچے بھوک کا شکار ہیں اور قرض خواہوں نے ان کا جینا محال کر دیا ہے۔ ریٹائرڈ ملازمین نے میونسپل کمیٹی کندھ کوٹ کے چیئرمین میر غلام راشد خان سندرانی، سی ایم او مقصود جتوئی اور دیگر اعلیٰ حکام سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ ان کے تمام واجب الادا بقایاجات، ڈیفرنس اور نئی تنخواہیں فوری طور پر ادا کی جائیں تاکہ وہ اپنے خاندان کی کفالت کر سکیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر ان کے مطالبات جلد تسلیم نہ کیے گئے تو احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کر دیا جائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے