ڈیرہ غازی خان (کیو این این ورلڈ)جمعیت علماء اسلام تحصیل کوٹ چھٹہ کی مجلس عمومی و شوریٰ کا دستوری اجلاس جامع مسجد حرمین سٹی میں امیر تحصیل الحاج عبدالمجید ڈیوآنی کی صدارت میں منعقد ہوا، جس میں تنظیم سازی اور آئندہ کے لائحہ عمل پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔ اجلاس میں صوبائی نائب امیر مولانا قاری جمال عبدالناصر نے بطور مہمان خصوصی اور ضلعی امیر پروفیسر عبدالعزیز بلوچ نے خصوصی شرکت کی۔ اجلاس کے دوران سیکرٹری جنرل مولانا شاہد ندیم نے ایجنڈا پیش کیا، جس پر اراکین نے بھرپور بحث کے بعد قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔ ضلعی امیر پروفیسر عبدالعزیز بلوچ نے اپنے خطاب میں الحاج عبدالمجید ڈیوآنی اور مولانا شاہد ندیم کی تنظیمی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ جمعیت علماء اسلام کی اصل طاقت اس کا نظریاتی کارکن ہے اور ہم منظم قوت کے ساتھ سیاسی و دینی محاذ پر سرگرم عمل ہیں۔

اجلاس میں طویل مشاورت کے بعد متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ جمعیت علماء اسلام بلدیاتی الیکشن میں بھرپور تیاری کے ساتھ میدان میں اترے گی اور اس سلسلے میں یونٹ سازی کے عمل کو تیز کیا جائے گا۔ اس موقع پر تحصیل امیر الحاج عبدالمجید ڈیوآنی نے اعلان کیا کہ 8 فروری کو تحصیل کوٹ چھٹہ میں ایک عظیم الشان "تحفظِ مدارس و مساجد کنونشن” منعقد کیا جائے گا جس کی قیادت وہ خود اور جنرل سیکرٹری مولانا شاہد ندیم کریں گے۔ اجلاس میں اتحاد و نظم و ضبط کا عملی مظاہرہ دیکھا گیا اور مقررین نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دینی تشخص کے تحفظ کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔

اجلاس کے اختتام پر تحصیل امیر الحاج عبدالمجید ڈیوآنی کے بھائی مرحوم منظور حسین ڈویانی کے لیے دعائے مغفرت کی گئی اور ان کی دینی و سماجی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔ اس اہم تنظیمی نشست میں مولانا کلیم اللہ ملکانی، مولانا محمد صدیق بزدار، مفتی سید سمیع اللہ شاہ، مفتی شاہد حسین حنفی، مولانا طیب مہر، محمد اکرم لودھی، ملک ظفر اقبال آرائیں، ملک فاروق اعظم ڈھانڈلا، قاری عزیز الرحمن تھیم سمیت کثیر تعداد میں علماء کرام، مشائخ اور کارکنوں نے شرکت کی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے