کوئٹہ (ویب ڈیسک): جیوانی کے مقام پر ایف آئی اے کی بڑی کارروائی، سمندر کے راستے غیر قانونی طور پر ایران جانے والے 257 ملزمان گرفتار
وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے جیوانی کے قریب سمندری حدود میں ایک وسیع کریک ڈاؤن کے دوران غیر قانونی طور پر سرحد پار کرنے کی کوشش کرنے والے 257 ملزمان کو حراست میں لے لیا ہے۔ دسمبر 2025 کے دوران کی جانے والی ان کارروائیوں کے نتیجے میں گرفتار ہونے والے ملزمان سمندر کے راستے پاکستان سے ایران داخل ہونے کی کوشش کر رہے تھے تاکہ وہاں سے غیر قانونی طور پر دیگر ممالک کا سفر کر سکیں۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق گرفتار افراد میں 142 کا تعلق پنجاب کے مختلف اضلاع سے، 63 کا خیبر پختونخوا سے، 12 کا سندھ سے اور دیگر کا تعلق بلوچستان سے ہے۔ سکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ ان ملزمان میں 34 غیر ملکی بھی شامل ہیں جن میں سے 30 افغان باشندے، 2 بنگلہ دیشی اور 2 ایرانی شہری ہیں جو بغیر کسی قانونی دستاویز کے انسانی اسمگلروں کے ذریعے سرحد پار کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق تمام گرفتار ملزمان کے خلاف متعلقہ دفعات کے تحت مقدمات درج کر کے باقاعدہ تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے تاکہ ان کے پیچھے سرگرم انسانی اسمگلنگ کے نیٹ ورکس اور ایجنٹوں تک رسائی حاصل کی جا سکے۔ حکام نے واضح کیا ہے کہ انسانی اسمگلنگ اور غیر قانونی طور پر سرحد پار کروانے میں ملوث عناصر کے خلاف ملک گیر کریک ڈاؤن جاری ہے اور اس گھناؤنے کاروبار میں ملوث کسی بھی شخص کو رعایت نہیں دی جائے گی۔ حکام کا مزید کہنا ہے کہ سرحدی نگرانی کے نظام کو مزید سخت کر دیا گیا ہے اور اس قسم کی غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے لیے تمام تر دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں تاکہ قیمتی انسانی جانوں کو خطرے میں ڈالنے والے اسمگلروں کا قلع قمع کیا جا سکے۔