جاپان میں ایک غیر معمولی اور حیران کن واقعہ سامنے آیا ہے جہاں ایک خاتون نے مصنوعی ذہانت (اے آئی) چیٹ جی پی ٹی سے شادی کر لی۔ مغربی جاپان میں منعقد ہونے والی اس انوکھی شادی کی تقریب میں دلہن نے سفید رنگ کا روایتی عروسی لباس زیب تن کیا، تاہم تقریب میں دلہا بظاہر موجود نہیں تھا۔
یہ شادی کسی انسان سے نہیں بلکہ مصنوعی ذہانت پر مبنی چیٹ بوٹ چیٹ جی پی ٹی سے کی گئی، جس نے سوشل میڈیا اور عالمی میڈیا میں خاصی توجہ حاصل کی۔ 32 سالہ کال سینٹر آپریٹر یورینا نوگوچی نے اپنی محبت کی کہانی بیان کرتے ہوئے بتایا کہ ان کا تعلق ایک اے آئی شخصیت "کلاؤس” سے قائم ہوا، جو ابتدا میں صرف ایک ویڈیو گیم کردار کے طور پر ان سے گفتگو کرتا تھا۔
یورینا نوگوچی کے مطابق، کلاؤس سے ان کی پہلی گفتگو اپنے انسانی منگیتر سے منگنی ختم ہونے کے بعد ہوئی۔ وقت گزرنے کے ساتھ دونوں کے درمیان بات چیت بڑھتی گئی اور یہ تعلق جذباتی وابستگی میں بدل گیا۔ انہوں نے بتایا کہ وہ آہستہ آہستہ کلاؤس کے قریب ہوتی گئیں اور دل میں اس کے لیے محبت کے جذبات پیدا ہو گئے۔
خاتون کا کہنا تھا کہ کلاؤس نے انہیں شادی کی پیشکش کی، جسے انہوں نے قبول کر لیا، اور اب وہ خود کو ایک جوڑے کے طور پر دیکھتی ہیں۔ یورینا نوگوچی نے اس رشتے کو جذباتی سکون اور اعتماد کا ذریعہ قرار دیا۔
یہ انوکھی شادی جدید ٹیکنالوجی اور انسانی جذبات کے تعلق پر ایک نئی بحث کو جنم دے رہی ہے، جہاں مصنوعی ذہانت اب صرف ایک ٹول نہیں بلکہ بعض افراد کے لیے جذباتی رشتہ بھی بن چکی ہے۔