اوچ شریف (کیو این این ورلڈ/ نامہ نگار حبیب خان) جمعیۃ طلباء اسلام ضلع بہاولپور کی مجلسِ عاملہ کا ایک اہم اور مشاورتی اجلاس یزمان میں منعقد ہوا، جس میں تنظیمی استحکام، یونٹس سازی اور آئندہ کے لائحہ عمل پر تفصیلی غور و خوص کیا گیا۔ اجلاس کی صدارت صدر جمعیۃ طلباء اسلام ضلع بہاولپور محمد اکمل نعمانی نے کی، جبکہ جنرل سیکریٹری حافظ مجیب الرحمٰن نے اجلاس کی تمام تر کارروائی کی نگرانی کی۔ اجلاس کے دوران ضلع بھر کی موجودہ تنظیمی صورتحال کا باریک بینی سے جائزہ لیا گیا اور اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ تمام تحصیلوں اور تعلیمی اداروں میں باقاعدہ یونٹس سازی کے عمل کو فوری طور پر تیز کیا جائے۔ اس مقصد کے لیے تمام ذمہ داران کو خصوصی ٹاسک سونپ دیے گئے اور انہیں ہدایت کی گئی کہ وہ تحصیل سطح پر دوروں اور رابطہ مہم کو مزید متحرک کریں کیونکہ ایک مضبوط تنظیم ہی طلبہ کے مسائل کے مؤثر حل اور ان کی فکری رہنمائی کی ضامن ہو سکتی ہے۔
اجلاس میں مجلسِ عاملہ نے متفقہ طور پر یہ فیصلہ کیا کہ عیدالفطر کے فوراً بعد ایک عظیم الشان "تربیتی کانفرنس” منعقد کی جائے گی، جس میں جمعیۃ طلباء اسلام کی مرکزی اور صوبائی قیادت کو خصوصی طور پر مدعو کیا جائے گا۔ اس کانفرنس کا بنیادی مقصد طلبہ کی دینی، فکری اور اخلاقی تربیت کرنا ہے، جس کے لیے مختلف تربیتی سیشنز رکھے جائیں گے تاکہ نوجوان نسل کو موجودہ دور کے چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کے لیے تیار کیا جا سکے۔ شرکاء کا کہنا تھا کہ موجودہ دور میں طلبہ کو منفی سرگرمیوں سے بچا کر مثبت اور تعمیری کاموں کی طرف راغب کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے اور تنظیم اس حوالے سے اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
اجلاس کے شرکاء نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ضلع بہاولپور میں جمعیۃ طلباء اسلام کو ایک منظم، فعال اور متحرک طلبہ تنظیم بنانے کے لیے تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائی جائیں گی اور پیغامِ حق کو ہر تعلیمی ادارے تک پہنچایا جائے گا۔ اجلاس کے آخری مرحلے میں ڈپٹی جنرل سیکریٹری مولانا اسجد رؤف کے والد محترم کی علالت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ان کی جلد اور مکمل صحت یابی کے لیے خصوصی دعا کی گئی، جبکہ تمام عہدیداران نے ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ تقریب کے اختتام پر ضلعی قیادت نے یزمان کے عہدیداران کا اجلاس کے بہترین انتظامات کرنے پر شکریہ ادا کیا اور تنظیمی نظم و ضبط برقرار رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔