اوچ شریف (کیو این این ورلڈ/نامہ نگار حبیب خان) جلال پور پیر والا ایکسپریس روڈ جو کہ تقریباً پانچ سال قبل کروڑوں روپے کی لاگت سے تعمیر کیا گیا تھا، محکمہ کی عدم توجہی اور ناقص میٹریل کے باعث شدید ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو چکا ہے۔ سڑک کی تعمیر کو محض چند سال ہی گزرے ہیں مگر اس وقت اس کی حالت انتہائی زبوں حالی کا شکار ہے جس کی وجہ سے مسافروں اور مقامی رہائشیوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ سڑک کے مختلف مقامات پر گہرے گڑھے پڑ چکے ہیں اور کئی جگہوں سے تارکول اکھڑنے کے باعث سڑک ہموار نہیں رہی، جو تیز رفتار گاڑیوں کے لیے کسی بڑے حادثے کا سبب بن سکتی ہے۔
مقامی ذرائع کے مطابق اس اہم شاہراہ کی مرمت کی جانب گزشتہ پانچ سالوں سے کوئی توجہ نہیں دی گئی، جس کی وجہ سے سڑک کی حالت دن بدن ابتر ہوتی جا رہی ہے۔ سڑک پر موجود یہ گڑھے نہ صرف گاڑیوں کے نقصانات کا باعث بن رہے ہیں بلکہ رات کے وقت سفر کرنے والے موٹر سائیکل سواروں اور ڈرائیوروں کے لیے جان لیوا بھی ثابت ہو سکتے ہیں۔ علاقہ مکینوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ اس اہم روڈ کی فوری مرمت اور بحالی کے لیے اقدامات کیے جائیں تاکہ قیمتی انسانی جانوں کو محفوظ بنایا جا سکے اور عوام کی سفری مشکلات کا ازالہ ہو سکے۔