اسلام آباد (ویب ڈیسک) پاکستان نے یورپی ملک اٹلی سے آئندہ تین سالوں کے لیے ہزاروں نوکریوں کا خصوصی کوٹہ حاصل کر کے ایک بڑی کامیابی سمیٹ لی ہے، جس کے بعد اٹلی پاکستان کے لیے روزگار کا باقاعدہ کوٹہ الاٹ کرنے والا پہلا یورپی ملک بن گیا ہے۔ ترجمان وزارتِ اوورسیز پاکستانیز کے مطابق حکومت پاکستان مجموعی طور پر ساڑھے دس ہزار نوکریوں کا کوٹہ حاصل کرنے میں کامیاب رہی ہے، جس کے تحت ہر سال 3500 پاکستانی ورکرز سیزنل اور نان سیزنل بنیادوں پر روزگار کے لیے اٹلی روانہ ہوں گے۔ اس منصوبے کے تحت سالانہ 1500 پاکستانیوں کو سیزنل جبکہ 2000 کو نان سیزنل کوٹے پر اٹلی بھیجا جائے گا، جنہیں شپ بریکنگ، ہیلتھ کیئر، زراعت، کنسٹرکشن اور سروس سیکٹر سمیت مختلف اہم شعبوں میں کھپایا جائے گا۔ اٹلی میں پاکستانی ہنرمند اور نیم ہنرمند افراد کے لیے ویلڈرز، ٹیکنیشن، شیف، ویٹرز، ہاؤس کیپنگ کے علاوہ نرسنگ، میڈیکل ٹیکنیشن، فارمنگ اور کاشتکاری کے شعبوں میں بھی روزگار کے وسیع مواقع دستیاب ہوں گے۔ ترجمان نے مزید بتایا کہ اس سلسلے میں فروری میں اسلام آباد میں پاکستان اور اٹلی کے جوائنٹ ورکنگ گروپ کا دوسرا اہم اجلاس منعقد ہوگا جس میں مزید تکنیکی پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
وفاقی وزیر برائے اوورسیز پاکستانیز چوہدری سالک حسین نے اس پیشرفت کو ایک اہم سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اٹلی کی جانب سے پاکستانی ورک فورس کے لیے دروازے کھلنا یورپی لیبر مارکیٹ میں نئی راہوں کی تلاش میں بڑی کامیابی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ جلد ہی یورپ کے دیگر ممالک بھی پاکستانی محنت کشوں کے لیے اسی طرز پر کوٹہ مختص کریں گے کیونکہ حکومت پاکستان اپنے شہریوں کو عالمی سطح پر باعزت روزگار فراہم کرنے کے لیے مسلسل کوشاں ہے۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ اوورسیز پاکستانی دنیا بھر میں ملک کے حقیقی سفیر ہیں جو اپنی محنت اور ترسیلاتِ زر کے ذریعے ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ اس اقدام سے نہ صرف بے روزگاری میں کمی آئے گی بلکہ قانونی ذرائع سے بیرون ملک جانے کے رجحان کو بھی فروغ ملے گا۔