اسلام آباد (کیو این این ورلڈ) نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے شہریوں کی سہولت کے لیے ایک انقلابی قدم اٹھاتے ہوئے گھر بیٹھے برتھ سرٹیفیکٹ حاصل کرنے کی سہولت فراہم کر دی ہے۔ نادرا کی جانب سے متعارف کرائی گئی اس نئی سروس کے بعد اب شہریوں کو پیدائش کے اندراج کے لیے یونین کونسل کے دفاتر کے چکر کاٹنے کی ضرورت نہیں رہے گی۔ نادرا اعلامیے کے مطابق شہری اب "پاک آئی ڈی” (Pak ID) موبائل ایپ کے ذریعے کسی بھی وقت گھر بیٹھے اپنی متعلقہ یونین کونسل میں پیدائش کا اندراج کروا سکتے ہیں، جس سے نہ صرف وقت کی بچت ہوگی بلکہ کاغذی کارروائی کے پیچیدہ عمل سے بھی نجات ملے گی۔
نادرا کے مطابق اس جدید سہولت کا آغاز ابتدائی طور پر پنجاب کے تمام اضلاع میں کر دیا گیا ہے، جبکہ صوبہ سندھ میں کراچی شرقی، کراچی وسطی، نوشہرو فیروز، میرپور خاص، شہید بینظیر آباد، لاڑکانہ، جامشورو، ٹنڈو الہٰیار اور ٹنڈو محمد خان کے رہائشی بھی اس سے مستفید ہو سکتے ہیں۔ بلوچستان کے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں بھی موبائل ایپ کے ذریعے اندراج کا عمل شروع ہو چکا ہے۔ نادرا حکام کا کہنا ہے کہ اس سروس کا دائرہ کار جلد ہی ملک کے دیگر حصوں تک پھیلا دیا جائے گا تاکہ تمام پاکستانی شہری جدید ڈیجیٹل نظام کے ذریعے اپنے بچوں کی پیدائش کا اندراج باآسانی مکمل کر سکیں۔