اسلام آباد (کیو این این ورلڈ) وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے پاکستان کی معروف اور سینئر نیوز کاسٹر عشرت فاطمہ کی پاکستان ٹیلی ویژن (پی ٹی وی) میں بطور مینٹور اور سرپرست واپسی کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔ وفاقی وزیر نے اسلام آباد میں عشرت فاطمہ کی رہائش گاہ پر ان سے خصوصی ملاقات کی اور ریڈیو پاکستان سے ان کی ریٹائرمنٹ کے بعد انہیں قومی ادارے میں نئی نسل کی تربیت کے لیے اہم ذمہ داری پیش کی۔ اس موقع پر وفاقی سیکریٹری اطلاعات و نشریات اشفاق احمد خلیل، وزیراعظم کے میڈیا کوآرڈینیٹر بدر شہباز اور پرنسپل انفارمیشن آفیسر مبشر حسن بھی موجود تھے۔ عطا اللہ تارڑ نے عشرت فاطمہ کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے حکومت کی درخواست قبول کی اور دوبارہ پی ٹی وی کے پلیٹ فارم سے اپنی خدمات فراہم کرنے پر آمادگی ظاہر کی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عطا اللہ تارڑ نے عشرت فاطمہ کے ساڑھے چار دہائیوں پر محیط شاندار کیریئر کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی آواز ہر پاکستانی کے لیے جانی پہچانی ہے اور انہوں نے نصف صدی کے قریب نہایت وقار کے ساتھ قوم کی خدمت کی ہے۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ عشرت فاطمہ کی مہارت نئے آنے والے اینکرز اور نیوز کاسٹرز کو مشکل حالات میں خبریں نشر کرنے اور اردو زبان کے درست لب و لہجے کی تربیت دینے میں انمول ثابت ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت چاہتی ہے کہ نئی نسل ایسے تجربہ کار اساتذہ سے فیض یاب ہو تاکہ پی ٹی وی کی پیشہ ورانہ ساکھ کو مزید مستحکم کیا جا سکے اور اردو زبان و بیان کے معیار کو برقرار رکھا جا سکے۔
آج مجھے آپا عشرت فاطمہ کے گھر حاضر ہونے کا شرف حاصل ہوا، عطا تارڑ
اس موقع پر عشرت فاطمہ نے وفاقی وزیر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ خبریں پڑھنا اور ابلاغ کرنا ہمیشہ سے ان کا جنون رہا ہے اور وہ پی ٹی وی جیسے معتبر ادارے کے ساتھ دوبارہ منسلک ہونے پر خوش ہیں۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ وہ اپنی تمام تر توانائیاں نوجوان ٹیلنٹ کو نکھارنے اور انہیں نشریاتی آداب سکھانے پر صرف کریں گی۔ عشرت فاطمہ نے حکومت کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ قابل اور تجربہ کار افراد کی حوصلہ افزائی سے اداروں میں بہتری آتی ہے، اور وہ ملک میں میڈیا کے شعبے کی ترقی کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہیں۔