اسلام آباد (کیو این این ورلڈ)نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اسٹریٹجک ڈائیلاگ میں شرکت کے لیے چین روانہ، سی پیک فیز ٹو سمیت اہم امور پر مشاورت ہوگی
نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نئے سال کے اپنے پہلے غیر ملکی دورے پر چین روانہ ہو گئے ہیں، جہاں وہ بیجنگ میں منعقد ہونے والے پاک چین وزرائے خارجہ اسٹریٹجک ڈائیلاگ میں پاکستانی وفد کی قیادت کریں گے۔ دفتر خارجہ کے مطابق یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ اور ہمہ جہت تزویراتی شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کی کڑی ہے، جس میں چینی وفد کی سربراہی وہاں کے وزیر خارجہ کریں گے۔ مذاکرات کے دوران پاک چین آل ویدر اسٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنرشپ کا مجموعی طور پر جائزہ لیا جائے گا اور دوطرفہ تعاون کے مختلف پہلوؤں بشمول تجارت، معاشی اشتراک، صحت اور تعلیم کے شعبوں میں شراکت داری کو مزید ٹھوس بنانے کے لیے نئے مواقع کی نشاندہی کی جائے گی۔
اس اہم بیٹھک میں سی پیک فیز ٹو کی پیش رفت اور اسے مزید آگے بڑھانے سے متعلق معاملات ایجنڈے کا کلیدی حصہ ہوں گے، جبکہ دونوں ممالک کے وفود علاقائی سلامتی کی بدلتی ہوئی صورتحال پر بھی تفصیلی مشاورت کریں گے۔ ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ اس دورے کا مقصد دونوں برادر ممالک کے درمیان اسٹریٹجک تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانا اور معاشی و دفاعی تعاون کے جاری منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانا ہے۔ ماہرین اس دورے کو پاکستان کی معاشی سفارت کاری کے حوالے سے انتہائی اہمیت کا حامل قرار دے رہے ہیں، کیونکہ اس سے نہ صرف پاک چین دوستی کے نئے باب کھلیں گے بلکہ خطے میں استحکام اور ترقی کے اہداف حاصل کرنے میں بھی مدد ملے گی۔