لاہور (کیو این این ورلڈ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر ڈاکٹر رضا امیری مقدم نے ملاقات کی، جس میں پاک ایران دوطرفہ تعلقات، تجارت، توانائی اور سرمایہ کاری سمیت خطے کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے مابین تاریخی اور برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ایرانی سفیر کا خیرمقدم کرتے ہوئے ایرانی سرمایہ کاروں کو پنجاب میں زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور سیاحت کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دی اور معاشی و سماجی روابط کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔

اس موقع پر سابق وزیراعظم محمد نواز شریف نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگر مذاکرات کا دروازہ فراخ دلی سے کھلا رکھا جائے تو پیچیدہ ترین مسائل کا حل بھی ممکن ہے۔ انہوں نے ایران کی جانب سے نامساعد حالات کا جواں مردی سے مقابلہ کرنے کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی عوام ہمیشہ ان کی دعاؤں کا حصہ رہے ہیں اور ان کے دل میں ایرانی قوم کے لیے بے شمار نیک خواہشات ہیں۔ ایرانی سفیر ڈاکٹر رضا امیری مقدم نے تعاون کی فراہمی پر وزیراعظم شہباز شریف اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کا شکریہ ادا کیا اور مریم نواز کی جانب سے فارسی زبان اور ایرانی طلبہ کے مسائل حل کرنے کے اقدامات کو سراہا۔

ایرانی سفیر نے محمد نواز شریف کو عالم اسلام کا عظیم لیڈر قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ایران دو جسم اور ایک روح کی مانند ہیں۔ انہوں نے نواز شریف کی صحت اور سلامتی کے لیے ایرانی قوم کی دعاؤں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ خطے کی موجودہ صورتحال میں ان جیسے مدبر رہنما کی اشد ضرورت ہے۔ ڈاکٹر رضا امیری مقدم کا کہنا تھا کہ ایرانی عوام نواز شریف کو پاکستان کی استحکام کا ستون سمجھتے ہیں اور پاکستان کے ساتھ مل کر علاقائی معاملات پر مشاورت سے انہیں دلی سکون محسوس ہوتا ہے، کیونکہ دونوں ممالک ایک ہی خطہ اور ایک ہی برادری کا حصہ ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے