تہران (کیو این این ورلڈ) ایران میں جاری حالیہ کشیدگی اور ناگفتہ بہ صورتحال کے پیش نظر تہران میں مقیم پاکستانی سفارتخانے نے اپنے شہریوں کی حفاظت اور فوری معاونت کے لیے کرائسس مینجمنٹ یونٹ قائم کر دیا ہے۔ تہران میں متعین پاکستانی سفیر مدثر ٹیپو نے اس حوالے سے جاری بیان میں کہا ہے کہ ایران میں موجود پاکستانی شہریوں کی ہر ممکن مدد اور رہنمائی کے لیے یہ یونٹ 24 گھنٹے فعال رہے گا اور متاثرہ شہری کسی بھی ہنگامی صورتحال میں سفارتخانے سے رابطہ کر سکتے ہیں۔ سفیر پاکستان کا کہنا تھا کہ شہریوں کی سہولت کے لیے تین سینئر عہدیداروں کے خصوصی موبائل فون نمبرز اور سفارتخانے کے لینڈ لائن نمبرز بھی فراہم کر دیے گئے ہیں تاکہ کسی بھی مشکل گھڑی میں رابطے کو یقینی بنایا جا سکے۔
سفارتخانے کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق پاکستانی شہری فرحان علی سے 00989107648298، فیضان سے 00989906824496 اور کاشف علی سے 00989938983309 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ کرائسس مینجمنٹ یونٹ کے لینڈ لائن نمبرز 00982166941388 اور 00982166944888 بھی چوبیس گھنٹے دستیاب ہوں گے۔ پاکستانی سفارتخانے نے ایران میں مقیم اپنے شہریوں کو غیر ضروری نقل و حمل سے گریز کرنے اور مقامی حکام کی جانب سے جاری کردہ حفاظتی ہدایات پر سختی سے عمل کرنے کی تاکید بھی کی ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔