انڈونیشیا کے شہر مناڈو میں واقع ایک نرسنگ ہوم میں آگ لگنے کے نتیجے میں کم از کم 16 افراد جاں بحق اور 3 زخمی ہو گئے۔ فائر ڈپارٹمنٹ کے مطابق آتشزدگی کی اطلاع اتوار کی شب تقریباً 8:30 بجے موصول ہوئی۔
حکام کا کہنا ہے کہ آگ لگنے کے بعد ریسکیو ٹیموں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ایک گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پا لیا۔ شہر کی فائر اور ریسکیو ایجنسی کے سربراہ کے مطابق متعدد لاشیں نرسنگ ہوم کے کمروں سے برآمد ہوئیں۔
پولیس کے مطابق آگ لگنے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں جبکہ جاں بحق افراد کی شناخت کی کوشش کی جا رہی ہے۔ حکام نے متاثرین کے اہل خانہ سے اپیل کی ہے کہ وہ معلومات کے لیے متعلقہ اسپتال سے رابطہ کریں۔
ایک مقامی عہدیدار نے بتایا کہ بعض لاشیں اس قدر جھلس چکی ہیں کہ ان کی شناخت میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔ واضح رہے کہ رواں ماہ کے آغاز میں دارالحکومت جکارتہ میں بھی سات منزلہ دفتری عمارت میں آگ لگنے سے 22 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔