لندن (ویب ڈیسک) برطانوی دفاعی جریدے کی ایرو (Key_Aero) نے اپنی تحقیقی رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ مئی میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والی مختصر مگر شدید فضائی جنگ کے دوران بھارتی فضائیہ کے چار رافیل لڑاکا طیارے تباہ ہوئے، جن کے سیریل نمبرز اب منظرِ عام پر آ گئے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والی 52 منٹ کی فضائی جھڑپ میں تباہ ہونے والے بھارتی رافیل طیاروں کے نمبرز BS-001، BS-021، BS-022 اور BS-027 تھے۔ جریدے کا کہنا ہے کہ بھارت ان چاروں طیاروں کے سیریل نمبرز کے ساتھ اب تک کوئی واضح اور مستند تصاویر پیش کرنے میں ناکام رہا ہے۔

برطانوی جریدے کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان کے ملٹی ڈومین آپریشنز نے بھارتی فضائیہ کو شدید نقصان پہنچایا۔ بھارتی فضائیہ کے مجموعی نقصانات میں چار رافیل طیاروں کے علاوہ مگ 29، ایس یو 30 لڑاکا طیارے اور ہیرون ڈرون بھی شامل ہیں۔

رپورٹ میں مزید انکشاف کیا گیا ہے کہ 10 مئی کو پاکستانی فضائیہ کے جے ایف 17 سی بلاک 3 طیارے نے ادھم پور میں نصب بھارتی دفاعی نظام ایس 400 کو نشانہ بنا کر تباہ کیا، جبکہ برنالا میں بھارتی کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم کو بھی ناکارہ بنایا گیا۔

کی ایرو کے مطابق پاکستانی سائبر یونٹس نے کارروائی کے دوران بھارت کے تقریباً 96 فیصد ڈیجیٹل اور سوشل نیٹ ورکس کو مفلوج کر دیا، اور یہ تاریخ میں پہلی بار ہوا کہ کسی فضائیہ نے سائبر اور روایتی عسکری حکمتِ عملی کو یکجا کر کے مؤثر کارروائی کی۔

رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ بھارتی چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل انیل چوہان ایک انٹرویو میں بھارتی طیاروں کی تباہی کا اعتراف کر چکے ہیں، جبکہ اس سے قبل پاکستان نے آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کے دوران بھی بھارتی مگ 21 طیارہ مار گرایا تھا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے