پریاگ راج (کیو این این ورلڈ) بھارتی ریاست اتر پردیش کے ضلع پریاگ راج (الٰہ آباد) میں بھارتی فضائیہ کا ایک مائیکرو لائٹ تربیتی طیارہ معمول کی پرواز کے دوران حادثے کا شکار ہو کر تالاب میں گر گیا ہے۔ بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب طیارہ اپنی باقاعدہ تربیتی مشقوں میں مصروف تھا کہ اچانک فنی خرابی یا نامعلوم وجوہات کی بنا پر تالاب میں جا گرا، تاہم خوش قسمتی سے واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ بھارتی فضائیہ کے ترجمان نے تصدیق کی ہے کہ طیارے میں سوار دونوں پائلٹس محفوظ رہے جنہیں بروقت ریسکیو کر لیا گیا ہے، جبکہ زمین پر بھی کسی شہری کے زخمی ہونے یا املاک کو نقصان پہنچنے کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔

واقعے کے فوراً بعد مقامی انتظامیہ اور فضائیہ کے حکام جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور طیارے کے ملبے کو تالاب سے نکالنے کی کارروائی شروع کر دی گئی۔ بھارتی فضائیہ نے اس حادثے کی اصل وجوہات کا تعین کرنے کے لیے اعلیٰ سطح کی انکوائری کا حکم دے دیا ہے تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ حادثہ فنی خرابی کی وجہ سے پیش آیا یا اس میں پائلٹ کی کوئی غلطی شامل تھی۔ واضح رہے کہ حالیہ عرصے میں بھارتی فضائیہ کے تربیتی طیاروں کے گرنے کے واقعات میں اضافہ دیکھا گیا ہے جس پر دفاعی ماہرین کی جانب سے تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے