مظفر آباد (کیو این این ورلڈ) سربراہ پاک فوج جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ کشمیر جلد آزادی کی نئی صبح دیکھے گا جو اہل کشمیر کی اجتماعی خواہش اور مقدر ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے مظفر آباد کا دورہ کیا جہاں انہوں نے جموں و کشمیر یادگارِ شہداء پر حاضری دی، پھول رکھے اور تحریکِ کشمیر کے شہداء کی بہادری اور بے لوث قربانیوں کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔

ممتاز شخصیات اور سابق فوجیوں سے گفتگو کرتے ہوئے آرمی چیف کا کہنا تھا کہ بھارت کی ریاستی جارحیت اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کشمیریوں کے حوصلے نہیں توڑ سکیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ہندوتوا پر مبنی پالیسیوں کے باوجود کشمیری عوام کی جدوجہد مزید مضبوط ہوئی ہے۔ پاکستان عالمی فورمز پر کشمیر کا مقدمہ بھرپور طریقے سے اٹھاتا رہے گا اور کشمیریوں کی سیاسی، اخلاقی و سفارتی حمایت جاری رکھی جائے گی۔

جنرل سید عاصم منیر نے مسئلہ کشمیر کے اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے لائن آف کنٹرول پر اگلی صفوں کا دورہ بھی کیا اور وہاں تعینات جوانوں کی پیشہ ورانہ مہارت، بلند حوصلے اور فرض شناسی کو سراہا۔ انہوں نے جوانوں سے ملاقات کے دوران آپریشنل تیاریوں اور ہر سطح پر بہترین ہم آہنگی برقرار رکھنے کی اہمیت پر زور دیا تاکہ کسی بھی چیلنج کا مؤثر جواب دیا جا سکے۔

آرمی چیف نے اختتام پر کہا کہ مشکل آپریشنل حالات کے باوجود فوج کا بلند حوصلہ قابلِ تحسین ہے اور کسی بھی دشمنانہ قدم کا فوری اور بھرپور جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کی مسلح افواج روایتی اور ہائبرڈ، دونوں طرح کے خطرات سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں اور ملکی دفاع پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے