بھارتی ریاست مہاراشٹرا کے سابق وزیرِ اعلیٰ اور کانگریس کے سینئر رہنما پرتھوی راج چوہان نے اعتراف کیا ہے کہ بھارت آپریشن سندور کے پہلے ہی دن جنگ ہار چکا تھا۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پرتھوی راج چوہان نے کہا کہ 7 مئی کو صرف آدھے گھنٹے کی فضائی جھڑپ کے دوران بھارتی فضائیہ کے طیارے مار گرائے گئے، جس کے بعد عملی طور پر جنگ کا فیصلہ ہو گیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ پہلے دن کی لڑائی کے بعد بھارتی فضائیہ کے طیاروں کو گراؤنڈ کر دیا گیا کیونکہ پاکستان ایئر فورس کی جانب سے مزید نقصان کا خدشہ تھا۔

کانگریس رہنما کے مطابق آپریشن سندور کے دوران زمینی فوج نے ایک کلومیٹر تک بھی پیش قدمی نہیں کی، جبکہ دو سے تین دن تک صرف فضائی اور میزائل جنگ لڑی گئی۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل کی جنگیں بھی اسی نوعیت کی ہوں گی۔

پرتھوی راج چوہان نے سوال اٹھایا کہ ایسی صورتِ حال میں کیا واقعی 12 لاکھ فوج پر مشتمل بری فوج کی ضرورت ہے یا اس قوت کو کسی اور سمت میں استعمال کیا جا سکتا ہے۔

سابق وزیر اعلیٰ نے اپنے بیان پر معافی مانگنے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے مؤقف پر قائم ہیں اور ان کے مطابق انہوں نے کوئی غلط بات نہیں کی۔ دوسری جانب ان کے بیان نے بھارتی سیاسی حلقوں میں شدید ہلچل مچا دی ہے اور مختلف جماعتوں کے رہنما ان پر سخت تنقید کر رہے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے