کراچی (کیو این این ورلڈ) بحیرہ عرب میں بھارتی کوسٹ گارڈ نے پاکستانی ماہی گیروں کی ایک کشتی پر قبضہ کر کے اس میں سوار 9 ماہی گیروں کو گرفتار کر لیا ہے۔ انچارج کوسٹل میڈیا سینٹر کے مطابق گرفتار ہونے والے تمام ماہی گیروں کا تعلق کراچی کے علاقے ابراہیم حیدری سے ہے، جو گجرات کے قریب کھلے سمندر میں اپنے روایتی علاقوں میں مچھلی پکڑنے میں مصروف تھے۔ بھارتی حکام نے کارروائی کے دوران کشتی میں موجود تقریباً 500 کلوگرام مچھلی اور ماہی گیری کا دیگر سامان بھی اپنے قبضے میں لے لیا ہے۔

کوسٹل میڈیا سینٹر کے انچارج نے واضح کیا ہے کہ قبضے میں لی گئی کشتی سے کوئی غیر قانونی یا مشکوک چیز برآمد نہیں ہوئی اور ماہی گیر محض اپنی روزی روٹی کے سلسلے میں سمندر میں موجود تھے۔ پاکستانی حکام کی جانب سے واقعے کی مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں تاکہ بین الاقوامی سمندری حدود کی خلاف ورزی اور ماہی گیروں کی بحفاظت واپسی کے حوالے سے حقائق سامنے لائے جا سکیں۔ اس سے قبل بھی بھارتی کوسٹ گارڈ کی جانب سے پاکستانی ماہی گیروں کو گرفتار کرنے کے واقعات تواتر سے پیش آتے رہے ہیں، جس پر انسانی حقوق کی تنظیمیں تشویش کا اظہار کرتی رہی ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے