اسلام آباد(کیو این این ورلڈ) سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی میڈیکل رپورٹ ان کی فیملی کو فراہم کر دی گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق بانی پی ٹی آئی کو دائیں آنکھ میں بینائی کم ہونے کی شکایت تھی۔ یہ رپورٹ اڈیالہ جیل حکام کے ذریعے فیملی کو دی گئی۔

میڈیکل رپورٹ کے مطابق، ماہر امراضِ چشم نے اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی کا مکمل معائنہ کیا اور ان کی دائیں آنکھ میں سینٹرل ریٹینل وین اوکلوژن کی تشخیص کی گئی۔ ماہرین نے اسپتال میں فالو اپ علاج کی سفارش کی، تاکہ بانی پی ٹی آئی کی آنکھ کی صحت کو بہتر بنایا جا سکے۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ بانی پی ٹی آئی کو ہفتے اور اتوار کی درمیانی رات پمز ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ان کا علاج ان کی رضامندی سے کیا گیا۔ تجویز کردہ طریقہ علاج کامیاب رہا اور تقریباً 20 منٹ میں آپریشن تھیٹر میں علاج مکمل ہوا۔ علاج کے بعد بانی پی ٹی آئی مستحکم تھے اور انہیں معمول کے ہدایات کے ساتھ اسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا۔

وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے تصدیق کی کہ پمز اسپتال کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر نے بانی پی ٹی آئی کی میڈیکل رپورٹ اڈیالہ جیل کے سپرنٹنڈنٹ کو بھیجی تھی، جسے وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر بانی پی ٹی آئی کے اہل خانہ کے حوالے کر دیا گیا۔

وزیراعظم نے ہدایت کی تھی کہ بانی پی ٹی آئی کی صحت سے متعلق تمام معلومات ان کے اہل خانہ کو بروقت فراہم کی جائیں تاکہ علاج کے عمل میں کسی قسم کی غیر یقینی صورتحال نہ رہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے