اسلام آباد(ویب ڈیسک) ایس آئی ایف سی کی کاوشوں سے پاکستان اور برطانیہ کے اقتصادی تعلقات میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور برطانیہ کی وزیر برائے ترقیاتی امور بیرونیس چیپ مین کے درمیان اہم ملاقات ہوئی، جس کے نتیجے میں 8 سال بعد ترقیاتی مذاکرات کے نئے دور کا آغاز ہوگیا۔
پاکستان میں برطانوی کمپنیوں کی تعداد 200 سے زائد ہونے کے باعث دونوں ممالک کے درمیان تجارتی حجم 5.5 بلین پاؤنڈ سے تجاوز کر گیا ہے۔ ملاقات میں تجارت، سرمایہ کاری، ماحولیات اور سماجی شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر بیرونیس چیپ مین اور وزیر تعلیم خالد مقبول صدیقی نے ’’پاک-یو کے ایجوکیشن گیٹ وے‘‘ کے اگلے مرحلے کا افتتاح بھی کیا۔ اس پروگرام کے تحت اسٹارٹ اپ فنڈز، آن لائن لرننگ پروگرامز اور تعلیمی مواقع میں توسیع کی گئی، تاکہ طلبہ اور نوجوانوں کے لیے تعلیم اور جدید مواقع کو مزید وسعت دی جا سکے۔
مزید برآں، پاکستان اور برطانیہ نے صحت، تعلیم، آبادی اور ماحولیاتی استحکام میں سرمایہ کاری پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ ماحولیات، قدرتی وسائل اور گرین ٹیکنالوجیز کے شعبے میں گرین کومپیکٹ پروگرام کا آغاز کیا گیا، جو دونوں ممالک کے درمیان طویل المدتی تعاون کو مضبوط کرے گا۔
ماہرین کے مطابق اس اہم ترقیاتی پیش رفت سے پاکستان کی معیشت میں استحکام، غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ اور عالمی اعتماد میں مزید بہتری آئے گی، جبکہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے فروغ سے عالمی سطح پر اعتماد اور تعلقات مضبوط ہوں گے۔