اوکاڑہ (کیو این این ورلڈ/ ملک ظفر) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اوکاڑہ محمد راشد ہدایت کی خصوصی ہدایات پر پنجاب فوڈ اتھارٹی ایکٹ کے تحت درج مقدمات میں تفتیش کے معیار کو بہتر بنانے اور ملزمان کو سخت سزائیں دلوانے کے لیے کمیونٹی لائنزون ہال میں دو روزہ تربیتی کورس کا آغاز کر دیا گیا۔ تربیتی کورس میں فوڈ سیفٹی اتھارٹی کے افسران اور پولیس کے تفتیشی افسران نے شرکت کی۔ اس کورس کا مقصد فوڈ سیفٹی قوانین سے مکمل آگاہی، تفتیشی صلاحیتوں میں اضافہ اور فوڈ سیفٹی مقدمات میں مؤثر چالان نویسی کو یقینی بنانا ہے۔
کورس کے دوران اسسٹنٹ ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹر نعمان علی، ڈی ایس پی لیگل کلیم اللہ، انسپکٹر مشتاق احمد شاہد اور سب انسپکٹر محمد اکرم نے تفصیلی لیکچرز دیے۔ مقررین نے شواہد کے درست اندراج، قانونی تقاضوں کی تکمیل اور مضبوط پراسیکیوشن کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ ان کا کہنا تھا کہ معیاری تفتیش اور مضبوط کیس فائلنگ کے ذریعے ہی فوڈ سیفٹی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کو مثال بننے والی سزائیں دلوانا ممکن ہے۔ یہ اقدام اوکاڑہ پولیس کے اس عزم کی عکاسی کرتا ہے کہ عوامی صحت کے تحفظ کے لیے متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر فوڈ سیفٹی قوانین کا سختی سے نفاذ یقینی بنایا جائے گا۔