اسلام آباد/واشنگٹن:عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے پاکستان کے لیے 1 ارب 29 کروڑ ڈالر کی نئی قسط کی منظوری دے دی ہے۔ یہ منظوری پیر کے دن واشنگٹن میں ہونے والے آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں دی گئی، جہاں پاکستان کے معاشی پروگرام پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔
آئی ایم ایف مشن اس قسط کے اجرا کی منظوری پہلے ہی دے چکا تھا، جبکہ ایگزیکٹو بورڈ نے اجلاس میں دوسرے اقتصادی جائزے کی منظوری بھی دے دی۔
رپورٹ کے مطابق منظور شدہ رقم میں سے 20 کروڑ ڈالر موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے منصوبوں کے لیے مختص کیے جائیں گے۔
ذرائع کے مطابق 7 ارب ڈالر کے ای ایف ایف پروگرام کے تحت پاکستان کو 1 ارب ڈالر سے زائد ملیں گے جبکہ 1.3 ارب ڈالر کے آر ایس ایف پروگرام کے تحت 20 کروڑ ڈالر سے زائد کی پہلی قسط شامل ہے۔ دونوں قرض پروگرامز کے تحت جاری مجموعی رقم 3.3 ارب ڈالر تک پہنچ جائے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کو ای ایف ایف پروگرام کے تحت دو اقساط پہلے ہی موصول ہو چکی ہیں۔ آئی ایم ایف نے جاری قرض پروگرام پر پاکستان کی پیش رفت کو مضبوط قرار دیا ہے، جبکہ حکومت نے بھی معاشی اصلاحات پر مسلسل عمل درآمد کی یقین دہانی کرائی ہے۔
واضح رہے کہ 1 ارب 29 کروڑ ڈالر کی یہ قسط ملنے سے پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوگا جس سے معیشت کو مزید سہارا ملے گا۔