ڈیرہ غازی خان (کیو این این ورلڈ/شاہد خان کی رپورٹ) ڈیرہ غازی خان کی یونین کونسل 17 عبداللہ ٹاؤن کالونی میں منشیات فروشی کے بڑھتے ہوئے رجحان نے نوجوان نسل کے مستقبل کو داؤ پر لگا دیا ہے، جہاں آئس اور نشہ آور گپیکا کیپسول کا استعمال عام ہوتا جا رہا ہے۔ علاقہ مکینوں کے مطابق منشیات فروش کسی خوف کے بغیر نوجوانوں اور کم عمر لڑکوں کو نشہ فراہم کر رہے ہیں، جس کی وجہ سے والدین میں شدید تشویش اور خوف و ہراس پایا جاتا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر بروقت قابو نہ پایا گیا تو علاقے کی پوری نسل اس سماجی ناسور کی بھینٹ چڑھ جائے گی۔

اہلِ علاقہ نے تھانہ صدر اور سٹی تھانہ پولیس کی کارکردگی پر سوال اٹھاتے ہوئے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ منشیات کے اڈوں کے خلاف فوری اور فیصلہ کن کریک ڈاؤن کیا جائے۔ عوامی حلقوں نے ڈی پی او ڈیرہ غازی خان سے اپیل کی ہے کہ عبداللہ ٹاؤن کالونی کو منشیات سے پاک کرنے کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی جائیں اور اس مکروہ دھندے میں ملوث عناصر کو سلاخوں کے پیچھے دھکیلا جائے تاکہ نوجوانوں کو مزید بربادی سے بچایا جا سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے