لاہور، (کیو این این ورلڈ) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے ڈپٹی چیئرمین عمران خواجہ اور صدر بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ امین الاسلام پاکستان پہنچ گئے ہیں، جہاں ٹی20 ورلڈ کپ کے حوالے سے پیدا ہونے والے حالیہ تنازعے پر اہم مذاکرات متوقع ہیں۔ لاہور ایئرپورٹ پر ایڈوائزر ٹو چیئرمین پی سی بی عامر میر نے عمران خواجہ کا استقبال کیا، جبکہ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے صدر امین الاسلام کا خیرمقدم پی ایس ایل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سلمان نصیر نے کیا۔ اس موقع پر سلمان نصیر کا کہنا تھا کہ ہم پاکستان آمد پر اپنے معزز مہمانوں کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے خوش آمدید کہتے ہیں۔ اپنے دورہ پاکستان کے دوران آئی سی سی کے ڈپٹی چیئرمین اور صدر بی سی بی چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی سے اہم ملاقاتیں کریں گے، جس میں کرکٹ کے عالمی معاملات اور مستقبل کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ صدر بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کا یہ دورہ ایک ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب آئی سی سی نے بنگلہ دیش کو ٹی20 ورلڈ کپ سے باہر کر دیا ہے۔ بنگلہ دیش نے سیکیورٹی خدشات کی بنیاد پر اپنی ٹیم بھارت بھیجنے سے انکار کرتے ہوئے اپنے میچز سری لنکا منتقل کرنے کا مطالبہ کیا تھا، جسے آئی سی سی نے مسترد کر دیا۔ دوسری جانب پاکستان نے بنگلہ دیش کے ساتھ بھرپور اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے ٹی20 ورلڈ کپ میں بھارت کے میچز کا بائیکاٹ کر دیا ہے، جس کے بعد عالمی کرکٹ میں ایک نیا بحران پیدا ہو گیا ہے۔ ماہرین کا خیال ہے کہ عمران خواجہ اور امین الاسلام کی محسن نقوی سے ملاقات اس تنازعے کے حل اور کرکٹ کی عالمی سیاست میں پاکستان کے کلیدی کردار کے حوالے سے انتہائی اہمیت کی حامل ثابت ہوگی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے