اسلام آباد(ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے یوم عالمی بدعنوانی کے موقع پر کہا ہے کہ قومی احتساب بیورو (نیب) کو مکمل ادارہ جاتی آزادی حاصل ہے تاکہ یہ شفافیت سے اپنا کام جاری رکھ سکے اور وفاقی حکومت نیب کے ذریعے کسی بھی قسم کے سیاسی انتقام یا کارروائیوں پر یقین نہیں رکھتی۔

وزیراعظم ہاؤس میں منعقدہ تقریب سے خطاب میں شہباز شریف نے نیب کی غیر معمولی کارکردگی پر ادارے کے افسران اور قیادت کی تعریف کی اور واضح کیا کہ وفاقی حکومت کے لیے مالی، انتظامی اور ادارہ جاتی شفافیت اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ مالی بدعنوانی کے خلاف ٹھوس اقدامات کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے اور نیب سمیت تمام متعلقہ ادارے بھرپور طریقے سے کارروائی کر رہے ہیں تاکہ ہر سطح پر جوابدہی یقینی بنائی جا سکے۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ نیب کی کارروائیوں سے منظم مالی جرائم کے باعث اپنی رقوم سے محروم ہونے والے شہریوں کو بروقت ریلیف ملا ہے اور اس سے عوام کا نیب پر اعتماد مزید مستحکم ہوا ہے۔

تقریب سے چیئرمین نیب لیفٹیننٹ جنرل (ر) نذیر احمد نے بھی خطاب کیا اور نیب کی حالیہ برسوں اور اس سال کی کارکردگی پر بریفنگ دی۔ ان کے مطابق نیب نے تمام متعلقہ ریاستی اداروں کے مؤثر تعاون سے 2025 میں 5.1 ٹریلین روپے سے زائد مالیت کے اثاثے بازیاب کرائے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے