رینالہ خورد ( اوکاڑہ ( کیو این این ورلڈ/نامہ نگار)) سابق اولمپین و سابق کپتان قومی ہاکی ٹیم محمد سرور نے پاکستان ہاکی ٹیم کے ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کرنے کو ایک عظیم کامیابی قرار دیتے ہوئے پوری قوم کو مبارکباد پیش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی ٹیم کی اس کامیابی نے پوری دنیا میں پاکستان کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے اور انشااللہ جلد ہی پاکستان دوبارہ ہاکی کی دنیا میں اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کر لے گا۔

تفصیلات کے مطابق رینالہ خورد سے تعلق رکھنے والے عالمی شہرت یافتہ کھلاڑی محمد سرور نے کہا کہ ایک وہ دور تھا جب ورلڈ کپ اور اولمپکس سمیت تمام بڑے اعزازات پاکستان کے پاس تھے اور ہم دنیا ہاکی پر حکمرانی کر رہے تھے۔ تاہم، وقت کے ساتھ ٹیم زبوں حالی کا شکار ہوئی اور ہم بڑے مقابلوں سے باہر ہوتے گئے، لیکن اب ٹیم کی واپسی نے نئی امیدیں وابستہ کر دی ہیں۔

محمد سرور نے ہاکی فیڈریشن کے عہدیداران اور کوچز پر زور دیا کہ وہ میرٹ کی پالیسی کو سختی سے اپنائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں ہے، ضرورت صرف اس امر کی ہے کہ نچلی سطح سے نیا ٹیلنٹ تلاش کر کے اس کی جدید خطوط پر کوچنگ کی جائے تاکہ عالمی معیار کے کھلاڑی پیدا کیے جا سکیں۔

انہوں نے حکومت سے بھی مطالبہ کیا کہ ہاکی کے فروغ کے لیے کھلاڑیوں کو معاشی فکر سے آزاد کیا جائے۔ کھلاڑیوں کو مختلف محکموں میں ملازمتیں فراہم کی جائیں تاکہ وہ اپنی تمام تر توانائیاں ملک کا سبز ہلالی پرچم بلند کرنے پر صرف کر سکیں۔ محمد سرور کا کہنا تھا کہ اگر کھلاڑیوں کو مناسب سہولیات اور سرپرستی ملے تو وہ دن دور نہیں جب پاکستان پھر سے عالمی چیمپئن بنے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے