اسلام آباد (ویب ڈیسک)پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم کی جانب سے ایشیا کپ کے فائنل میں روایتی حریف بھارت کو عبرتناک شکست دے کر ٹرافی اپنے نام کرنے پر صدرِ مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور دیگر سیاسی و سماجی رہنماؤں نے ٹیم کو شاندار الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ ایوانِ صدر سے جاری ہونے والے تہنیتی پیغام میں صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ بھارت کے خلاف فائنل میں حاصل ہونے والی یہ عظیم کامیابی نوجوان کھلاڑیوں کی انتھک محنت، لگن اور پختہ عزم کا منہ بولتا ثبوت ہے، اس جیت نے پوری قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔ صدرِ مملکت نے مزید کہا کہ یہ کامیابی مستقبل کے عالمی مقابلوں کے لیے امید کی ایک نئی کرن ہے اور اس سلسلے میں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی اور کوچنگ اسٹاف کی کاوشیں بھی قابلِ ستائش ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کھلاڑیوں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستانی شاہینوں نے میدان میں بہترین کھیل پیش کیا اور فائنل میں بھارت کو شکست دے کر ایک نئی تاریخ رقم کی ہے، پوری قوم کو اپنے سپوتوں پر فخر ہے اور امید ہے کہ یہ نوجوان مستقبل میں بھی عالمی سطح پر ملک کا نام روشن کرتے رہیں گے۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بھی انڈر 19 ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ قومی ٹیم نے اپنی شاندار کارکردگی سے عوام کے دل جیت لیے ہیں اور بھارت جیسی مضبوط ٹیم کو ہرا کر سبز ہلالی پرچم بلند کر دیا ہے۔ انہوں نے خاص طور پر سمیر منہاس کی ریکارڈ ساز اننگز کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان کی بہترین بلے بازی نے فتح میں کلیدی کردار ادا کیا اور یہ جیت درحقیقت پورے پاکستان کی کامیابی ہے۔ دوسری جانب چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے ٹیم کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کھلاڑیوں نے جس نظم و ضبط اور مہارت کا ثبوت دیا، اس کا نتیجہ آج ٹرافی کی صورت میں ہمارے سامنے ہے، سمیر منہاس کی پرفارمنس نے میچ کا نقشہ بدل دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ فتح شائقینِ کرکٹ کے لیے ایک یادگار تحفہ ہے اور پی سی بی کی جانب سے رائزنگ اسٹارز پر کی جانے والی سرمایہ کاری اب ثمر آور ثابت ہو رہی ہے، بورڈ نوجوان ٹیلنٹ کی سرپرستی جاری رکھے گا تاکہ پاکستان کرکٹ کا مستقبل مزید محفوظ اور درخشاں ہو سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے