اسلام آباد (کیو این این ورلڈ) وزیر اعظم شہباز شریف نے ملک میں بجلی کے بحران پر قابو پانے اور نقصانات کو کم کرنے کے لیے ایک اہم فیصلہ کرتے ہوئے زیادہ خسارے والے بجلی فیڈرز کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ بجلی کے شعبے میں جاری اصلاحات کے حوالے سے منعقدہ ایک اعلیٰ سطح کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ زیادہ خسارے والے فیڈرز کو صوبائی حکومتوں کے تعاون سے شمسی توانائی پر منتقل کیا جائے۔ وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ اس اقدام سے نہ صرف بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے مالی نقصانات میں خاطر خواہ کمی واقع ہوگی بلکہ ان علاقوں کے صارفین کو بجلی کی بلا تعطل فراہمی بھی ممکن ہو سکے گی۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے خاص طور پر پیسکو (پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی) اور کیسکو (کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی) کے زیادہ نقصان والے فیڈرز کی نشاندہی کرتے ہوئے وہاں فوری طور پر پائلٹ پراجیکٹس شروع کرنے کی ہدایت جاری کی۔ انہوں نے زور دیا کہ جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے بجلی کی چوری اور لائن لاسز کے مسئلے کو جڑ سے ختم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ اس کے علاوہ وزیر اعظم نے ایک الگ جائزہ اجلاس میں رمضان پیکج کی تیاریوں کا بھی معائنہ کیا اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے پیکج کو مزید بہتر بنایا جائے، جس کے لیے انہوں نے فوری طور پر سفارشات طلب کر لیں۔