لاہور(ویب ڈیسک)پنجاب کے مختلف شہروں میں شدید دھند کے باعث حدِ نگاہ متاثر ہو گئی، جس کے نتیجے میں کئی اہم موٹرویز اور شاہراہیں عارضی طور پر بند کر دی گئیں۔
موٹر وے پولیس کے مطابق موٹرویز ایم 2 (لاہور تا کوٹ مومن)، ایم 3 (لاہور تا سمندری)، ایم 4 (پنڈی بھٹیاں تا فیصل آباد) اور سیالکوٹ موٹروے ایم 11 دھند کی وجہ سے بند رہیں۔
پولیس نے عوام کو مشورہ دیا کہ دھند کے دوران محفوظ سفری اوقات صبح 10 بجے سے شام 6 بجے تک ہیں۔ اس کے علاوہ قومی شاہراہ پر سندر، مانگا منڈی، پھول نگر اور پتوکی علاقوں میں بھی حدِ نگاہ صفر سے 100 میٹر تک رہنے کی اطلاعات ہیں، جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہو رہی ہے۔