گوجرانوالہ (کیو این این ورلڈ/بیورو چیف محمد رمضان نوشاہی) پنجاب ہائی وے پٹرول پوسٹ گلوٹیاں موڑ، ضلع سیالکوٹ نے شراب سپلائی کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے بدنام زمانہ شراب سپلائر طلحہ کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے 55 بوتلیں شراب برآمد کر لیں، جبکہ ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق 25 جنوری 2026 کو ایس پی پنجاب ہائی وے پٹرول گوجرانوالہ ریجن وسیم اختر کی خصوصی ہدایت پر ڈی ایس پیز کی زیر نگرانی ہائی ویز پر جرائم پیشہ عناصر کی سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھنے اور انسدادِ جرائم کے لیے پٹرولنگ ٹیمیں متحرک رکھی گئی ہیں۔ اسی سلسلے میں پٹرولنگ پولیس پوسٹ گلوٹیاں موڑ کے انچارج سب انسپکٹر محمد اسلم نے پٹرولنگ ٹیم کے ہمراہ ناکہ بندی کے دوران کارروائی کرتے ہوئے شراب سپلائی میں ملوث ملزم طلحہ ولد رمضان، سکنہ فتو منڈ گوجرانوالہ کو گرفتار کیا، جس کے قبضے سے بڑی مقدار میں 55 بوتلیں شراب برآمد ہوئیں۔
ایس پی پنجاب ہائی وے پٹرول گوجرانوالہ ریجن وسیم اختر نے اس موقع پر کہا کہ نوجوان نسل کے محفوظ مستقبل کے لیے شراب سے پاک معاشرہ قائم کرنا پولیس کی اولین ترجیح ہے، اور ہائی ویز سمیت تمام علاقوں میں منشیات و شراب فروشوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ معاشرے کو تباہ کرنے والے عناصر کے لیے کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی اور قانون کی عملداری ہر صورت یقینی بنائی جائے گی۔