گوجرانوالہ (کیو این این ورلڈ/بیورو چیف محمد رمضان نوشاہی) وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات پر صحت دشمن عناصر کے خلاف جاری مہم کے تحت ڈائریکٹر آپریشنز سنٹرل نے گوجرانوالہ میں فوڈ فراڈ مافیا کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کیا، جس کے دوران قوانین کی خلاف ورزی پر تین معروف فوڈ پوائنٹس کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی گئی۔ کارروائی کے نتیجے میں دو فوڈ پوائنٹس کی پروڈکشن بند کر دی گئی جبکہ تین فوڈ پوائنٹس پر مجموعی طور پر 6 لاکھ روپے کے جرمانے عائد کیے گئے۔
ترجمان فوڈ اتھارٹی کے مطابق یہ کارروائیاں لوہیانوالی کینال، کیپری کالونی اور کنگنی والا کے مختلف علاقوں میں کی گئیں، جہاں فوڈ سیفٹی ٹیموں نے اچانک معائنہ کیا۔ دورانِ چیکنگ 105 کلو گرام شوگر سیرپ اور 2 من سے زائد مختلف ناقص، ایکسپائرڈ اور ممنوعہ اشیاء برآمد ہوئیں، جنہیں موقع پر ہی تلف کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق کنگنی والا میں واقع ایک معروف بیکری کے پروڈکشن یونٹ کو صفائی کے انتہائی ناقص انتظامات پر بند کر کے بھاری جرمانہ عائد کیا گیا۔ پنڈی بائی پاس کے قریب قائم ایک معروف سویٹس یونٹ کو متعدد بار وارننگ نوٹسز کے باوجود اصلاح نہ کرنے پر بھاری جرمانے کا سامنا کرنا پڑا۔ اسی طرح کیپری کالونی میں واقع سویٹس پروڈکشن یونٹ کو فنگس زدہ اشیاء کے استعمال پر پروڈکشن بند کر کے سخت جرمانہ کیا گیا۔
معائنے کے دوران پروڈکشن یونٹس میں ناقص اسٹوریج، گندے فریزر، زنگ آلود برتن، کیڑے مکوڑوں کی موجودگی، کھلی نالیاں، گندا واشنگ ایریا اور بدبودار ماحول پایا گیا، جو فوڈ سیفٹی قوانین کی سنگین خلاف ورزی کے زمرے میں آتا ہے۔ ترجمان فوڈ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ ناقص اور غیر معیاری اجزاء سے تیار کردہ خوراک انسانی صحت کے لیے انتہائی مضر ثابت ہو سکتی ہے، اس لیے کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
ترجمان نے واضح کیا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے مطابق صوبہ بھر میں صحت دشمن عناصر کے خاتمے کے لیے تمام فوڈ پوائنٹس کی مسلسل اور بلاامتیاز چیکنگ جاری ہے۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ خوراک سے متعلق کسی بھی شکایت کی صورت میں فوڈ اتھارٹی ہیلپ لائن 1223 پر فوری اطلاع دیں تاکہ بروقت کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔
