گوجرانوالہ (کیو این این ورلڈ/بیوروچیف محمدرمضان نوشاہی) کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن سید نوید حیدر شیرازی کے احکامات پر ڈویژن بھر میں غیر محفوظ پلازوں اور تجارتی مراکز کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن شروع کر دیا گیا ہے۔ اس مہم کے دوران ڈنگہ اور لالہ موسیٰ میں واقع فاضل فارمیسی اینڈ مارٹ سمیت متعدد پلازوں کو فائر سیفٹی کے ناقص انتظامات اور حفاظتی تدابیر کی خلاف ورزی پر سیل کر دیا گیا۔ انتظامیہ کی جانب سے یہ سخت کارروائی ان مقامات پر فائر سیفٹی آلات کی عدم دستیابی اور ایمرجنسی ایگزٹ (ہنگامی نکاس کے راستوں) کی خلاف ورزیاں سامنے آنے پر عمل میں لائی گئی ہے۔

کمشنر سید نوید حیدر شیرازی نے اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے واضح کیا کہ انسانی جانوں کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور اس حوالے سے زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فائر سیفٹی کے اصولوں کی خلاف ورزی کر کے شہریوں کی زندگیوں کو خطرے میں ڈالنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ انتظامیہ کے مطابق سیل کیے گئے پلازے اس وقت تک بند رہیں گے جب تک وہ حفاظتی انتظامات کے حوالے سے مکمل کلیئرنس سرٹیفکیٹ حاصل نہیں کر لیتے۔

کمشنر گوجرانوالہ نے مزید ہدایت کی ہے کہ ڈویژن بھر کی تمام بلند و بالا عمارتوں اور تجارتی مراکز کا سروے مکمل کیا جائے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی صورت میں جانی و مالی نقصان سے بچا جا سکے۔ انہوں نے مالکان کو تنبیہ کی کہ وہ رضاکارانہ طور پر فائر سیفٹی قوانین کی پاسداری کریں، بصورت دیگر ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے