اوچ شریف (نامہ نگار حبیب خان)صوبائی کوالٹی کنٹرول بورڈ پنجاب نے سال 2025ء کی کارکردگی رپورٹ جاری کر دی ہے جس کے مطابق صوبہ بھر میں جعلی اور غیر قانونی ادویات کی روک تھام کے لیے تاریخی اور بھرپور اقدامات عمل میں لائے گئے۔ رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ پنجاب کے 36 ضلعی کوالٹی کنٹرول بورڈز کو فیلڈ ڈرگ انسپکٹرز اور دیگر متعلقہ اداروں کی جانب سے مجموعی طور پر 6604 کیسز موصول ہوئے، جن پر فوری کارروائی کا آغاز کیا گیا۔ ضلعی بورڈز نے ان کیسز کی مکمل چھان بین کے بعد 5389 مقدمات کے فیصلے سنائے، جن میں جعلی یا غیر قانونی ادویات کی تیاری اور فروخت میں ملوث پائے جانے والے 62 افراد اور کمپنیوں کے خلاف باقاعدہ فوجداری مقدمات درج کرنے کے احکامات جاری کیے گئے۔

رپورٹ کی تفصیلات کے مطابق، سنگین نوعیت کی خلاف ورزیوں پر مبنی 2405 مقدمات پنجاب کے چھ اہم ڈرگ کورٹس بشمول لاہور، گوجرانوالہ، راولپنڈی، ملتان اور بہاولپور کو کارروائی کے لیے بھجوائے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ انسانی زندگیوں سے کھیلنے والے عناصر کے خلاف گھیرا تنگ کرتے ہوئے 68 میڈیکل اسٹورز، فارمیسیز، ڈسٹری بیوٹرز اور مینوفیکچرنگ کمپنیوں کے ڈرگ لائسنسز کی مستقل منسوخی کی سفارشات چیف ڈرگز کنٹرولر پنجاب کو ارسال کر دی گئی ہیں۔ واضح رہے کہ ضلعی کوالٹی کنٹرول بورڈز کی سربراہی متعلقہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کر رہے ہیں، جن کی معاونت کے لیے میڈیکل اور فارماسیوٹیکل ماہرین بطور ممبران شامل ہیں تاکہ پنجاب میں ادویات کے اعلیٰ معیار کو ہر صورت یقینی بنا کر عوام کو صحت کے ممکنہ خطرات سے محفوظ رکھا جا سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے