گوجرانوالہ (کیو این این ورلڈ/بیوروچیف محمدرمضان نوشاہی) پنجاب فوڈ اتھارٹی نے گوجرانوالہ کی چمڑا منڈی میں ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے بھاری مقدار میں مضر صحت رینڈرنگ آئل ضبط کر لیا ہے۔ ترجمان فوڈ اتھارٹی کے مطابق کارروائی کے دوران 50 ٹین اور 20 ممنوعہ نیلے ڈرموں میں چھپایا گیا 4 ہزار 400 کلوگرام فیٹ رینڈرنگ آئل قبضے میں لیا گیا ہے، جو جانوروں کی چربی سے غیر قانونی طور پر تیار کیا گیا تھا۔ چھاپے کے وقت سپلائی کے لیے تیار ایک گاڑی (نمبر GAI-103) کو بھی تحویل میں لے لیا گیا جو چربی سے بنے اس مضر صحت آئل کو مارکیٹ میں منتقل کرنے کے لیے کھڑی تھی۔

حکام کے مطابق لیبارٹری جانچ پڑتال کے دوران برآمد شدہ آئل میں خطرناک ‘میٹانل ڈائی’ نامی کیمیکل کی موجودگی پائی گئی، جبکہ مالکان کے پاس پیداوار اور سپلائی سے متعلق کوئی بھی ریکارڈ موجود نہیں تھا جو فوڈ قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی کے ترجمان نے واضح کیا ہے کہ عوام کی صحت سے کھلواڑ کرنے والا فوڈ فراڈ مافیا کسی رعایت کا مستحق نہیں اور اس گھناؤنے کاروبار میں ملوث عناصر کے خلاف سخت ترین قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے